ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا وباءکانتیجہ: ریاستی حکومت نے لگائی  افسران اور طبی عملے کی ہڑتال پر پابندی۔لاگو کیا گیا نیشنل ڈیساسٹر منیجمنٹ ایکٹ

کورونا وباءکانتیجہ: ریاستی حکومت نے لگائی  افسران اور طبی عملے کی ہڑتال پر پابندی۔لاگو کیا گیا نیشنل ڈیساسٹر منیجمنٹ ایکٹ

Tue, 06 Oct 2020 20:39:17    S.O. News Service

بنگلورو،6؍اکتوبر (ایس او نیوز) کورونا وباء کے بے قابو ہوتے حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت کرناٹکانے نیشنل ڈیساسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2020لاگو کرتے ہوئے سرکاری افسران اوربشمول ڈاکٹرس ،ہیلتھ کیئر سے وابستہ تمام ملازمین کی طرف سے ہڑتال کرنے پرپابندی عائد کردی ہے۔

ریاستی چیف سیکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ ریاست بھر میں بڑھتے ہوئے کورونا کے معاملات کے پیش نظر یہ پابندی عائد کی جاتی ہے کہ تمام سرکاری افسران، ہیلتھ کیئر سے متعلقہ عملہ  اور محکمہ صحت میں ٹھیکے  اور آؤٹ سورسنگ کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہے تمام ملازمین میں سے کوئی بھی ہڑتال پر نہیں جاسکے گا۔ یا پھر حکم کی خلاف ورزی یا خدمات انجام دینے کے سلسلے میں عدم تعاون کا رویہ اپنا نہیں سکے گا۔ 

اس حکم میں وارننگ دی گئی ہے کہ ریاستی حکومت کے ملازمین اگر کووڈ عالمی وباء پر قابو پانے کے سلسلے میں اپنے افسران کے احکام کی تعمیل سے انکار کرتے ہیں تو اس کو ریاستی سوِل سروس ایکٹ کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ تقریباً 5,000 ڈاکٹرس نے گزشتہ مہینے  میں ہڑتال کررکھی تھی جس کی وجہ سے کووِڈ سے متعلقہ امور کی انجام دہی میں بڑی دقت پیش آئی تھی۔ پھر میڈیکل ایجو کیشن منسٹر کے سدھاکر کی مداخلت اور ہڑتالی ڈاکٹروں کی مانگیں پورا کرنے کا یقین دلانے کے بعد وہ لوگ ڈیوٹی پر واپس آ گئے تھے۔

کووڈ سے متعلق دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد تاحال 6,47,712 ہوچکی ہے جس میں سے اس وقت 1,15,477ایکٹیو کیس موجود ہیں۔ جبکہ 5,22,846مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور 9,370مریض موت کاشکار ہوچکے ہیں۔


Share: